غزہ میں اسرائیلی گولہ باری میں مزید اضافہ، تازہ ترین حملوں میں مزید 55 فلسطینی شہید
غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مزید اضافہ، ڈرونز اور ٹینکوں سے گولہ باری جاری، تازہ ترین حملوں میں مزید 55 فلسطینی شہید، متعدد زخمی ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فوج بے گھر فلسطینیوں کے خیموں اور پناہ گاہوں کو چن چن کر نشانہ بنانے لگی، اسرائیل کے شمالی غزہ اور جنین میں فضائی اور زمینی حملوں میں 12 فلسطینی شہید، متعدد زخمی ہو گئے۔
شمالی غزہ کے 11 ویں روز کے محاصرے میں اسرائیلی فوج کی جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر بمباری، جبالیہ میں سکول اور نصیرات کیمپ پر شدید بمباری میں 22 شہری شہید ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس نے اسرائیلی قافلے پر حملہ کیا، 12 گاڑیاں بارودی سرنگوں سے اڑا دیں، فائرنگ اور راکٹوں سے بھی حملہ کیا گیا جن میں متعدد صیہونی فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیاہے۔
واضح رہے کہ صیہونی بربریت میں 42 ہزار 344 فلسطینی شہید، 99 ہزار 13 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔