آئینی ترمیم کے حوالے سے کافی حد تک اتفاق رائے ہوچکا ہے: گورنر پنجاب
لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے کافی حد تک اتفاق رائے ہوچکا ہے۔
گورنر ہاؤس لاہور میں سینئر صحافیوں سے غیر رسمی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ آئینی بنچ بنانے پر اتفاق ہوا ہے بہت جلد اس پر قانون سازی ہوجائے گی، ملکی حالات کسی بھی انتشار کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ بطور اتحادی پوری کوشش ہے حکومت اپنی مدت پوری کرے، ملک میں سیاسی استحکام آئے گا تو ملک معاشی طور پر ترقی کرے گا، ملکی معیشت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے، سی ایس او کے انعقاد سے دنیا بھر میں ملکی امیج بہتر ہوا ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پاور شیئرنگ کے حوالے سے جو باتیں طے پائی تھیں ان پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا، ملکی مفاد کی خاطر حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، جہاں چیزوں کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہوتی ان کی نشاندہی کرتا ہوں تاکہ صوبے میں بہتری آسکے۔