آئینی ترامیم: بلاول بھٹو چاہتے ہیں کوئی سیاسی جماعت ناراض نہ ہو: شرجیل میمن
حیدرآباد: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر و رہنما پیپلزپارٹی شرجیل میمن نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو چاہتے ہیں آئینی ترمیم کے معاملے پر کوئی سیاسی جماعت ناراض نہ ہو۔
حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی سوچ ہے سب کو ساتھ ملاکر فیصلے کرنے ہیں، ہم تو کہتے ہیں پی ٹی آئی بھی ترامیم میں حصہ لے، یہ ملک ایک گلدستہ ہے، 18 ویں ترمیم زرداری صاحب کا عظیم کارنامہ ہے۔
انہوں نے کہا بلاول صاحب نے کہا کہ جو لوگ اسمبلی میں نہیں ان سے بھی بات کریں گے، بلاول بھٹو مختلف عدالتوں کی بارز بھی گئے، چیئرمین پیپلزپارٹی کہہ چکے ہماری پسند یا نا پسند کی بات نہیں ہے۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل سے بیان دیا وہ جوڈیشری کو متنازع نہ کریں، قائد عوام کا عدالتی قتل کیا گیا، محترمہ کی حکومتیں گرائی گئیں لیکن پیپلزپارٹی کو انصاف نہیں ملا۔