جے یو آئی کا آئینی پیکیج پر اتفاق، پی ٹی آئی کا ووٹ نہ دینے کا فیصلہ برقرار
اسلام آباد:(دنیا نیوز) جے یو آئی ف نے آئینی پیکیج پر اتفاق کرلیا جبکہ پی ٹی آئی نے ووٹ نہ دینے کا فیصلہ برقرار ہے۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف بیرسٹرگوہر نے کہا ہے پی ٹی آئی آئینی ترامیم کے بل پر ووٹ نہیں دے گی، آئینی ترامیم ایک سنجیدہ مسئلہ ہے ، آئینی ترامیم کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے ملاقات ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ہمارے درد دکھ کو اپنا سمجھ کر رول ادا کیا،آج بھی ہم نے حکومتی مسودے پر غور کیا ، پی ٹی آئی آئینی ترامیم کیلئے اسمبلی میں ووٹ نہیں دے گی۔
رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہمیشہ ساتھ رہے گا ، ہمارا ان سے کوئی گلہ شکوہ نہیں ، ہم بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں ،ہمارے ایم این ایز اور سینیٹرز کو ہراساں کیا گیا۔
آئینی ترامیم میں مجموعی طور پر کالے سانپ کا زہر نکال دیا :مولانا فضل الرحمان
سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے آئینی پیکج پر اتفاق کیا ، تحریک انصاف نے آئینی ترامیم کے حوالے سے ہمارے کردار کو سراہا ہے۔
ان کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ ہم نے آئینی ترامیم میں مجموعی طور پر کالے سانپ کا زہر نکال دیا ، تحریک انصاف کو بنیادی مسودے پر کوئی اختلاف نہیں، اس پر پی ٹی آئی نے بھی اتفاق کیا ہے، آئینی پیکیج پر ملکی سطح پر اتفاق رائے ہورہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا اسمبلی میں اپنی ایک اپوزیشن ہے ہم ان پر جبر نہیں کرسکتے، میں سمجھتا ہوں پی ٹی آئی جائز احتجاج کررہی ہے۔