26 ویں آئینی ترمیم سے بروقت انصاف ہوتا نظر آئے گا: مریم نواز
لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم سے بروقت انصاف ہوگا اور ہوتا نظر بھی آئے گا۔
اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے 26 ویں آئینی ترمیم پاس ہونے پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم عوام کی آواز سب سے بلند ہونے کا واضح پیغام ہے، آئینی ترمیم پارلیمنٹ کی بالا دستی کے لئے ناگزیر تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ چھبیسویں آئینی ترمیم کی منظوری سے پارلیمنٹ کو مکمل آئینی اختیار اور وقار واپس ملا ہے، ترمیم سے بروقت انصاف ہوگا اور ہوتا نظر بھی آئے گا، 26 ویں آئینی ترمیم پاکستان کو دنیا کی مثالی جمہوریت کی صف میں کھڑا کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم سے عدالتی نظام میں مثبت اصلاحات کا باب کھل گیا، عدلیہ کو خودمختار اور مزید مستحکم کیا گیا ہے، انصاف تک عوامی رسائی کو یقینی بنایا گیا ہے، سود کے خاتمے کی شق کا خیر مقدم کرتی ہوں۔