27 ویں ترمیم پر مولانا نے کال دی تو لگ پتہ جائے گا: شیخ رشید

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 27 ویں ترمیم کے خلاف مولانا فضل الرحمان کال دیں گے، 27 ویں ترمیم پر مولانا نے کال دی تو ان کو لگ پتہ جائے گا۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آفریدی چیف جسٹس آیا ہے، آفریدیوں نے سکھوں، برٹش، روس اور امریکا کو شکست دی تھی، امید ہے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ملک میں انصاف کریں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ جسٹس منیب اختر اور جسٹس منصور علی شاہ نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے، یہ جو خواب دیکھ رہے تھے سب چکنا چور ہو گئے ہیں، سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ جو ہورہا اس پر کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور مولانا فضل الرحمان دو ہی آدمیوں نے عزت بڑھائی ہے باقی سب نے اپنی عزت پر جھا ڑو پھیرا ہے، مولانا فضل الرحمان نے 26 ترمیم کا جنازہ نکالا ہے، یہ ترمیم ن اور ش سب کے گلے پڑے گی ان کو کچھ نہیں ملے گا، 27 ویں ترمیم کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں، 27 ویں ترمیم پر مولانا نے کال دی تو ان کو لگ پتہ جائے گا۔

شیخ رشید احمد نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے پھر کہوں گا کہ لوگوں کو معافی دیں، غریب آدمی کے لئے عدالتوں میں آنا آسان نہیں ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں