سعودیہ کا فلسطین، لبنان میں جاری جارحیت روکنے، سوڈان تنازع کے پرامن سیاسی حل پر زور
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودیہ نے فلسطین، لبنان میں جاری جارحیت روکنے، سوڈان میں جاری کشیدگی، خانہ جنگی روکنے اور متحارب فریقین سے تنازع کا سیاسی حل تلاش کرنے پر زور دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت سعودی کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے موقع پر سوڈان، فلسطین اور لبنان میں جاری لڑائی سمیت کئی دوسرے موضوعات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں علاقائی میدان کی موجودہ صورتحال اور اس میں ہونے والی پیش رفت اور خطے میں امن و سلامتی کے قیام کے لئےعالمی برادری کے ساتھ رابطے کے لئے سعودی عرب کی انتھک کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں سعودی عرب کی میزبانی میں دو ریاستی حل کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس میں 90 ممالک، تنظیموں اور اداروں نے شرکت کی اور اس حوالے سے ہونے والی گفتگو کا جائزہ لیا گیا۔
اس اجلاس میں مسئلہ فلسطین کے حل کے حوالے سے غور کے لیے رواں ماہ عرب اور مسلمان ممالک کا سربراہ اجلاس منعقد کرنے پر غور کیا گیا، اس اجلاس میں فلسطین اور لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت پر بھی غور کیا گیا، سعودی عرب نے لبنان اور فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکنے پر زور دیا۔
اجلاس میں مملکت نے زور دیا کہ برادر ملک سوڈان کے بحران کو ختم کرنے کا واحد راستہ سیاسی حل ہے، انہوں نے زور دیا کہ سوڈان کی متحارب قوتوں کے درمیان 11 مئی 2023ء کو طے پانے والے ’جدہ اعلامیے‘ پر عمل درآمد کیا جائے۔