رینجرز سندھ اور ایس آئی یو پولیس کا پرانا گولیمار میں آپریشن چار بھتہ خور گرفتارؤؤؤ
کراچی:(دنیا نیوز) رینجرز سندھ اور ایس آئی یو پولیس نے پرانا گولیمار میں بھتہ خوروں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران ملزمان کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جبکہ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں راشد عرف چاچو اور عبدالحق عرف ڈاکٹر کو زخمی حالت میں جبکہ ولید عرف ڈاڈا اور معز عرف الرٹ بچہ کو بلاضرب گرفتار کر لیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد کر لی گئی، ملزمان راشد عرف چاچو اور عبدالحق عرف ڈاکٹر کا تعلق بھتہ مافیا سے منسلک ہے جبکہ جمیل چھانگا اور عبدالصمد کاٹھیاواڑی گروپ سے ہیں۔
ترجمان رینجرز نے مزید آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم ولید عرف ڈاڈا کا تعلق لیاری کے منشیات فروش گروہ سے ہے جو بھتہ مافیا ریاض عرف شینا اور زاہد لاڈلا گروپ کے ساتھ منسلک ہے جبکہ ملزم معز عرف الرٹ بچہ کا تعلق لیاری گینگسٹر ارشد پپو گروپ سے ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان نجی بلڈرز اور دیگر کاروباری افراد کی معلومات بھتہ مافیا کے سرغنہ کودیتے تھے جو دھمکیاں دے کر بھتہ وصول کرتے تھے، گرفتار ملزمان بھتہ نہ ملنے پر ہوائی فائرنگ کر کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے میں بھی ملوث ہیں۔
ملزمان راشد عرف چاچو اور عبدالحق عرف ڈاکٹر عادی مجرم ہیں،پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔
گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ اور منشیات مزید قانونی کارروائی کے لیئے پولیس نے حراست میں لے لیا گیا ہے۔