بی سی بی کی پاکستان سے بھارت کیخلاف میچ کا بائیکاٹ ختم کرنے کی اپیل

ڈھاکا: (ویب ڈیسک) بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ ختم کرنے کی اپیل کر دی۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے تنازع میں ایک اہم موڑ آیا ہے، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ بھارت کے خلاف اپنے میچ کا بائیکاٹ ختم کرے۔

رپورٹ کے مطابق بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے لاہور میں ملاقات کے دوران کہا کہ وہ ان کے جذبے اور بی سی بی کی حمایت کو سمجھتے ہیں، مگر عالمی کرکٹ کے مفاد میں بائیکاٹ پر نظرثانی ضروری ہے، بات چیت میں آئی سی سی کے نائب چیئرمین عمران خواجہ بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ یہ تنازع تب شروع ہوا جب بنگلا دیش نے ہندو انتہاپسندوں کی دھمکیوں اور سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں کرانے کی درخواست کی تھی جسے بھارت نواز آئی سی سی نے مسترد کرکے بنگلادیش کو ٹورنامنٹ سے ہی باہر کردیا اور اُس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرلیا تھا ۔

پاکستان نے اس فیصلے کو ناانصافی کہا اور حکومتی اعلان میں بتایا کہ وہ 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ نہیں کھیلے گا، اگرچہ وہ باقی ورلڈ کپ میں حصہ لے گا۔

دوسری جانب سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈز نے بھی پاکستان سے کہا ہے کہ اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے تاکہ ورلڈ کپ کے سبھی میچ مکمل ہوں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں