کینیڈا: سکول میں فائرنگ کرنے والی ملزمہ کی شناخت کر لی گئی
اوٹاوا: (دنیا نیوز) کینیڈا کے سکول میں فائرنگ کر کے 10 افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے والی حملہ آور کی شناخت 18 سالہ لڑکی وین روٹسیلا کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آور لڑکی ذہنی صحت کے مسائل کا شکار تھی، فائرنگ کے بعد ملزمہ نے خودکشی کرلی، ملزمہ مقامی رہائشی تھی اور اسے جائے وقوعہ پر خود کو گولی مارنے کے باعث مردہ حالت میں پایا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں طلبہ اور ایک استاد بھی شامل ہیں، سکول کے علاوہ مزید 2 افراد، جو ملزمہ کے رشتہ دار بتائے جاتے ہیں، قصبے کے ایک گھر سے مردہ پائے گئے، اس قصبے کی آبادی تقریباً 2,400 افراد پر مشتمل ہے۔
ادھر کینیڈین وزیراعظم نے متاثرہ کمیونٹی سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آپ کے ساتھ سوگوار ہے، کینیڈا میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات نایاب ہیں کیونکہ یہاں اسلحے سے متعلق قوانین امریکا کے مقابلے میں کہیں زیادہ سخت ہیں۔