سکالرشپس کیلئے منتخب بنگلہ دیشی طلبہ کا پہلا دستہ پاکستان پہنچ گیا

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت علامہ محمد اقبال اسکالرشپس کے لیے منتخب کیے گئے بنگلہ دیشی طلبہ کا پہلا دستہ پاکستان پہنچ گیا۔

بنگلہ دیش کے 45 طلبہ پر مشتمل یہ دستہ  پاکستان کی معروف جامعات میں مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرے گا۔

طلبہ کا کراچی جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے پر ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور متعلقہ جامعات کے نمائندوں نے پرتپاک استقبال کیا، سکالرشپ پروگرام کے اگلے بیچ کیلئے انتخاب کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔

ایچ ای سی نے بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی تعلیمی کامیابی اور پاکستان میں یادگار قیام کے لیے دعا کی۔

کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بین الاقوامی طلبہ کو معیاری تعلیم، سازگار تعلیمی ماحول اور مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں بھرپور کامیابی حاصل کر سکیں۔

پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کو فروغ دینا اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں