پنجاب: راشن کارڈ پروگرام کے تحت 12 لاکھ ورکرز کے بینک اکاونٹس کھول دیے گئے
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے راشن کارڈ پروگرام کے تحت 12 لاکھ رجسٹرڈ ورکرز کے بینک اکاؤنٹس کھول دیے گئے، جبکہ ان اکاؤنٹس میں 22 ارب روپے بھی منتقل کر دیے گئے۔
صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت پنجاب محمد منشا اللہ بٹ کے مطابق صوبہ بھر میں اکاؤنٹس کھولنے کا عمل قلیل مدت میں مکمل کیا گیا اور محکمہ سوشل سکیورٹی نے یہ ٹاسک کامیابی سے سرانجام دیا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ راشن کارڈ کے ذریعے ورکرز کو مالی معاونت کی فراہمی جاری ہے اور وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق ہر ماہ 3 ہزار روپے سبسڈی ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ محنت کشوں کی فلاح کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ورکرز کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔