یوکرین کا 6 مئی سے جنگ بندی کا اعلان، روسی یومِ فتح سیزفائر کے جواب میں اقدام

ماسکو: (شاہد گھمن) یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روس کی جانب سے یومِ فتح کے موقع پر اعلان کردہ جنگ بندی کے جواب میں 6 مئی سے اپنی جانب سے بھی جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔

زیلنسکی نے اپنے ٹیلیگرام پیغام میں کہا کہ یوکرین 5 اور 6 مئی کی درمیانی شب سے سیز فائر نافذ کرے گا، اور اس پر عملدرآمد کو ممکن قرار دیا، یوکرین اس معاملے میں متوازن انداز میں ردعمل دے گا۔

دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے خبردار کیا ہے کہ اگر یوکرین یومِ فتح کی تقریبات میں خلل ڈالنے کی کوشش کرتا ہے تو روسی فوج بھرپور جوابی کارروائی کرے گی۔

روسی حکام نے یہ بھی کہا کہ کسی ممکنہ ردعمل کی صورت میں کیف کے شہریوں اور غیر ملکی سفارتی عملے کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے چاہئیں۔

دونوں جانب سے جنگ بندی کے اعلانات کے باوجود خطے میں کشیدگی برقرار ہے، جبکہ عالمی برادری کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا یہ اقدامات عملی طور پر جنگ میں کمی کا باعث بنتے ہیں یا نہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں