ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر، سندھ میں ہیٹ ویو کی صورتحال
کراچی: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہی، سندھ میں ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
کراچی میں دن بھر گرمی کا زور رہا، شہر قائد میں پارہ 38 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، اندرون سندھ میں بھی شدید گرمی رہی، مٹھی میں پارہ 44، میرپور خاص میں 42 اور حیدر آباد میں 40 ڈگری رہا۔
شدید گرمی کے باعث تھرپارکر میں کنوؤں کا پانی خشک ہوگیا، تھر کی پہچان مور اور مویشیوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہوگئے، مقامی افراد پانی کے حصول کیلئے کئی کئی میل تک سفر کرنے پر مجبور ہوگئے۔
بلوچستان کے جنوبی اضلاع بھی گرمی کی لپیٹ میں رہے، تربت میں درجہ حرارت 45 اور لسبیلہ 44 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
خیبرپختونخوا میں بادل برسنے کی نوید سنا دی گئی، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش کا امکان پیدا ہوگیا۔