لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش
لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برس پڑے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، خراب موسم کے باعث کئی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔
صوبائی دارالحکومت میں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، گڑھی شاہو، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ساندہ، چوبرجی، مزنگ، سمن آباد، جیل روڈ، گلبرگ، نشتر ٹاؤن، جوہرٹاؤن سمیت مختلف مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب بارش کے پیش نظر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر واسا لاہور سمیت تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہوگئے ہیں۔
اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں میانوالی، بھلوال، کندیاں، سانگلہ ہل، ننکانہ صاحب، جھنگ، چنیوٹ، چناب نگر، مانانوالہ اور پنڈی بھٹیاں میں بھی تیز ہواؤں اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، کئی فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے بعد بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بادل برسنے کا امکان ہے، نوشہرہ، مردان، چارسدہ اور دیگر شہروں میں بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے بارشوں کے باعث تیزی سے گلیشیئرز کے پگھلنے کا خدشہ ظاہر کر دیا، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔