پاکستان کی میزبانی میں 2 روزہ او آئی سی خواتین وزارتی کانفرنس کا پہلا روز

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت انسانی حقوق کے زیر اہتمام او آئی سی خواتین کی 9ویں وزارتی کانفرنس کے پہلے روز تکنیکی سیشنز، رکن ممالک کے وزراء، حکام اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں میں دوطرفہ ملاقاتیں ہوئیں۔

تکنیکی اجلاسوں کے دوران کانفرنس کے ایجنڈے کی منظوری دی گئی، اور او آئی سی پلان آف ایکشن برائے خواتین پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، جبکہ اسلامی دنیا میں خواتین کو درپیش چیلنجز پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

خواتین کی سماجی، معاشی اور سیاسی خود مختاری سمیت تعلیم، صحت اور معاشی مواقع پر بات چیت ہوئی، خواتین کی مالی شمولیت، فیصلہ سازی میں مؤثر شرکت، ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمائندگی پر بھی غور کیا گیا۔

اعظم نذیر تارڑ نے ایران، ترکیہ، سعودی عرب، مصر کے وزراء اور حکام سے ملاقاتیں کیں، وفاقی وزیر بوسنیا، شام، صومالیہ اور یمن کے وزراء اور اعلیٰ حکام سے بھی ملے، ملاقاتوں میں خواتین کے حقوق، خاندانی نظام کے استحکام اور سماجی تحفظ پر گفتگو کی گئی۔

ترکیہ کے ساتھ خاندان، سماجی خدمات اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کیلئے ایم او یو پر دستخط بھی کیے گئے۔

رکن ممالک کے وفود نے 2 سالہ چیئرمین شپ سنبھالنے پر پاکستان کے کردار پر اعتماد کا اظہار کیا، اور پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

او آئی سی خواتین کی 9ویں وزارتی کانفرنس کا اجلاس آج وزیراعظم کی زیر صدارت ہوگا، کانفرنس کے اختتام پر اسلام آباد اعلامیہ اور متعدد اہم قراردادوں کی منظوری متوقع ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں