بنوں میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک
پشاور: (دنیا نیوز) سی ٹی ڈی بنوں ریجن اور لوکل پولیس نے ضلع بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے اہلکاروں کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر مؤثر جوابی کارروائی میں 5 خارجی مارے گئے جبکہ متعدد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت، کرمنل پروفائلنگ اور فرانزک تجزیے کا عمل جاری ہے جبکہ ان کے قبضے سے 5 کلاشنکوفیں، 10 میگزین، 5 بنڈولیئر، 2 ہینڈ گرینیڈ اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی کی سوات ٹیم اور لوکل پولیس کے جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاون نیٹ ورکس کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments