یوم آزادی پر قائداعظم، تحریک پاکستان کے رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں: اسحاق ڈار
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یوم آزادی کے موقع پر قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں و کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جرات، لگن اور بے شمار قربانیوں نے آزاد ریاست پاکستان کی بنیاد رکھی۔
اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ آزادی کے بعد پاکستان نے مختلف شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے، آج ہم 25 کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل ایک باہمت اور ثابت قدم قوم ہیں، گزشتہ 8 دہائیوں کے دوران پاکستان نے عالمی سطح پر بھی اپنی حیثیت کو مضبوط کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ تاریخی مکہ معاہدے پر دستخط کیے گئے، جو تزویراتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے، مکہ معاہدہ اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنانے اور علاقائی امن و سلامتی کو درپیش بدلتے چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ بھی منائی اور بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے پُرعزم اور کامیاب ردعمل کو یاد کیا، اس موقع پر پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی بھی تجدید کی گئی۔
نائب وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ یوم آزادی ہمیں اپنے قومی عزم کی تجدید اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے مل کر کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments