پاکستانی طالبہ کی شائستہ روسی زبان نے سرگئی لاوروف کو متاثر کردیا

ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول کے دوران روسی زبان میں سوال کرنے والی پاکستانی طالبہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کو نوجوانوں کی تقریبات میں پاکستانی نمائندوں کی شرکت پر ہمیشہ خوشی ہوگی۔

پاکستان سے تعلق رکھنے والی طالبہ روس کی کراسنویارسک یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہے، اس نے یکتیرنبرگ میں منعقدہ بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول کے دوران سرگئی لاوروف سے روسی زبان میں سوال کیا کہ روس میں رہنے اور تعلیم حاصل کرنے والے غیرملکی طلبہ بین الاقوامی تعلقات کے فروغ میں کس طرح کردار ادا کرسکتے ہیں۔

پاکستانی طالبہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سرگئی لاوروف نے کہا کہ آپ اس وقت یہی کام کر رہی ہیں اور بین الاقوامی تعلقات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے نوجوانوں کے لیے روس میں منعقد کی جانے والی بعض تقریبات کا ذکر کیا ہے، تاہم ایسی تقریبات کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

سرگئی لاوروف نے امید ظاہر کی کہ فیسٹیول کے منتظمین روس میں ہر سال منعقد ہونے والی نوجوانوں کی تقریبات کی فہرست شرکا کو فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ روس ان تقریبات میں پاکستانی نمائندوں کو ہمیشہ خوش آمدید کہے گا، بالخصوص ایسے پاکستانی نوجوانوں کو جو اتنی شائستہ اور صاف روسی زبان بولتے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ کے جواب پر پاکستانی طالبہ نے مسکراتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ ہال میں موجود شرکا نے بھی اس گفتگو کو سراہا۔

سرگئی لاوروف نے یہ گفتگو بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول کے تحت منعقدہ نشست ’’دنیا کا نیا ڈھانچہ، سرگئی لاوروف کے ساتھ کھلا مکالمہ‘‘ کے دوران کی۔

نشست میں روس سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے شرکت کی اور روسی وزیر خارجہ سے عالمی سیاست، سفارت کاری، بین الاقوامی تعاون اور نوجوانوں کے کردار سے متعلق سوالات کیے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...