کوہاٹ پولیس لائنز مسجد حملے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ ادا

کوہاٹ: (دنیا نیوز) پرانی پولیس لائنز مسجد پر فتنہ الخوارج کے حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، وزیر اطلاعات شفیع اللہ جان، وزیر قانون آفتاب عالم، جنرل آفیسر کمانڈنگ، کمشنر کوہاٹ سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات، شہداء کے اہلخانہ اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

کوہاٹ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی دی جبکہ اعلیٰ حکام نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پولیس، افواج پاکستان اور سول افسران نے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دیئے گئے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ شہداء کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا، دہشتگردوں پر خیبرپختونخوا کی سرزمین تنگ کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بزدل دہشتگردوں نے نماز جمعہ ادا کرنے والے نمازیوں کو نشانہ بنایا، یہ بزدلانہ فعل اس بات کی نشاندہی ہے کہ دہشتگردوں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

آئی جی پی نے کہا کہ دہشتگردوں کے نیٹ ورک کا سراغ لگا رہے ہیں، سہولتکاروں کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...