لاہور ہائیکورٹ کا پیمنٹ آف ویجز اتھارٹی کے اختیارات پر اہم فیصلہ
لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے پیمنٹ آف ویجز اتھارٹی کے اختیارات پر اہم فیصلہ جاری کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے ورکر کے 9 لاکھ روپے سے زائد واجبات کی ادائیگی کے معاملے میں پیمنٹ آف ویجز اتھارٹی کے حتمی فیصلے پر نظرثانی کے اختیار سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ قانون میں واضح اجازت کے بغیر کسی اتھارٹی کو اپنے حتمی فیصلے پر نظرثانی کا اختیار حاصل نہیں ہوتا۔
عدالت نے غلام رسول عاصم کی جانب سے دائر آئینی درخواست خارج کر دی اور فیصل آباد کی پیمنٹ آف ویجز اتھارٹی کا فیصلہ برقرار رکھا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک جاوید اقبال وینس نے فیصلے میں قرار دیا کہ پیمنٹ آف ویجز ایکٹ 1936 کے تحت اتھارٹی کو اپنے حتمی فیصلے پر نظرثانی کا قانونی اختیار حاصل نہیں، نظرثانی کا اختیار قانون میں واضح طور پر دیا گیا ہو تو ہی استعمال کیا جا سکتا ہے، اسے محض قیاس یا مفروضے کی بنیاد پر تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔
عدالت نے قرار دیا کہ متعلقہ قانون کے رول 8 کے تحت یک طرفہ فیصلے کو منسوخ کرنے کی گنجائش موجود ہے، تاہم میرٹ پر فریقین کو سننے کے بعد جاری کیے گئے فیصلے پر اس ضابطے کے تحت نظرثانی نہیں کی جا سکتی۔
عدالت کے مطابق یک طرفہ فیصلے کی منسوخی اور میرٹ پر دیے گئے حتمی فیصلے پر نظرثانی دو الگ قانونی معاملات ہیں۔ جسٹس ملک جاوید اقبال وینس نے فیصلے میں لکھا کہ اگر کسی فریق کے پاس اپیل کا قانونی متبادل موجود ہو تو وہ اس راستے کو اختیار کیے بغیر براہ راست آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت ہائیکورٹ کے آئینی دائرہ اختیار سے رجوع نہیں کر سکتا۔
مقررہ مدت میں اپیل دائر نہ کرنا اور بعد ازاں نظرثانی کا ایسا طریقہ اختیار کرنا جس کی قانون اجازت نہیں دیتا، قانونی طریقہ کار سے بچنے کے مترادف ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ مقررہ رقم جمع کرائے بغیر اپیل کے قانونی تقاضوں سے بچنے کے لیے آئینی درخواست دائر کرنا قابل قبول نہیں۔
اسی طرح حقائق اور شواہد کا ازسرنو جائزہ لینا اپیلیٹ فورم کا کام ہے، آئینی عدالت کا نہیں۔
فیصلے میں پیمنٹ آف ویجز ایکٹ 1936 کو مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی داد رسی کے لیے اہم قانون قرار دیتے ہوئے واضح کیا گیا کہ قانونی اختیارات کا استعمال قانون میں مقرر کردہ حدود کے اندر رہ کر ہی کیا جا سکتا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے ان قانونی نکات کی روشنی میں غلام رسول عاصم کی آئینی درخواست خارج کرتے ہوئے فیصل آباد کی پیمنٹ آف ویجز اتھارٹی کے فیصلے کو برقرار رکھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments