شارجہ بک فیئر میں کتاب دوست افراد کیلئے خوشخبری، لائبریری رکنیت پر خصوصی رعایت

شارجہ: (سید مدثر خوشنود) شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں کتابوں سے محبت کرنے والوں کیلئے ایک دلچسپ سہولت متعارف کروا دی گئی ہے، شارجہ پبلک لائبریریز نے عالمی کتاب میلے کے دوران بالغ افراد کی سالانہ رکنیت پر خصوصی رعایت کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت کتاب دوست صرف 75 درہم میں سالانہ رکنیت حاصل کرسکیں گے۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق شارجہ پبلک لائبریریز کی عام سالانہ رکنیت کی فیس 160 درہم ہے، تاہم کتاب میلے کے دوران خصوصی پیشکش کے تحت یہ فیس کم کرکے 75 درہم مقرر کی گئی ہے، جس میں متعلقہ ٹیکس بھی شامل ہے، اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ افراد کو لائبریریوں کی سہولتوں اور علمی وسائل سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دینا ہے۔

شارجہ پبلک لائبریریز نے میلے میں تہذیبوں کی لائبریری کے عنوان سے سات خصوصی علمی اور ثقافتی سرگرمیوں کا پروگرام بھی ترتیب دیا ہے، ان نشستوں میں قدیم کتابوں، تاریخی مسودوں، اسلامی اور اندلسی تاریخ، مصنفین کے تجربات اور نایاب کتب کی تلاش جیسے موضوعات پر گفتگو ہوگی۔

پانچ نومبر کو اماراتی ادیبہ شیخہ المطیری کتابوں سے وابستہ اپنے تجربات بیان کریں گی، جبکہ چھ نومبر کو مصنف احمد راشد بن فہد سقوطِ غرناطہ اور اس کے تاریخی اثرات سے متعلق اپنی کتاب پر گفتگو کریں گے۔

شارجہ پبلک لائبریریز کی ڈائریکٹر ایمان بوشلیبی کے مطابق لائبریریاں صرف کتابیں محفوظ کرنے کے مقامات نہیں بلکہ انسانی علم، تاریخ اور تہذیبی ورثے کی محافظ بھی ہیں۔

خصوصی رعایت سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند افراد 15 نومبر تک ایکسپو سینٹر شارجہ کے ہال نمبر چار میں شارجہ پبلک لائبریریز کے اسٹال سے رجوع کرسکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...