اماراتی صدر سے امریکی وزیر داخلہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات و علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے امریکی وزیر برائے داخلی سلامتی مارک وین مولن نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ابوظہبی میں ہونے والی اس ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے دیرینہ تعلقات اور مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعاون کا جائزہ لیا گیا اور ایسے اقدامات پر گفتگو ہوئی جو مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

فریقین نے مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال اور خطے کو درپیش اہم چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور بھی زیر بحث آئے۔

المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق ملاقات میں صدارتی دیوان کے نائب چیئرمین برائے خصوصی امور شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کی یہ ملاقاتیں باہمی رابطوں کو برقرار رکھنے اور اہم معاملات پر براہ راست تبادلہ خیال کے حوالے سے اہمیت رکھتی ہیں۔

متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹجک تعاون مختلف شعبوں پر محیط ہے اور دونوں ممالک علاقائی استحکام سے متعلق امور پر مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔ تازہ ملاقات میں باہمی تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...