فضائی حدود کی خلاف ورزی، نیٹو کا پولینڈ کے ایک ایک انچ کے دفاع کا اعلان
وارسا: (دنیا نیوز) نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے پولینڈ کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد اعلان کیا ہے کہ اتحاد پولینڈ کی سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کیلئے پرعزم ہے اور ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
مارک روٹے نے وارسا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضمانت دیتے ہیں کہ نیٹو پولینڈ کے پورے علاقے کا دفاع کرے گا، یورپ میں نیٹو افواج کے کمانڈر جنرل الیکسس گرینکیوچ دفاعی صلاحیتوں کو لاحق خطرات کی نشاندہی اور ان کی روک تھام کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں گے، جبکہ ضرورت پڑنے پر دفاعی انتظامات میں مناسب تبدیلیاں بھی کی جائیں گی۔
پولینڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کی جانب سے بھیجی گئی تین اشیا نے اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، جن میں ممکنہ طور پر دو میزائل اور ایک ڈرون شامل تھے۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب پولینڈ میں یوکرین کے حامی ممالک کے اتحاد کے فوجی مشقیں جاری تھیں، پولینڈ کے حکام نے اس واقعے کے وقت کو اتفاقیہ قرار دینے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
روسی فضائی خلاف ورزی کے معاملے پر نیٹو کی شمالی اٹلانٹک کونسل کا اجلاس پیر کو برسلز میں ہوگا، جس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
پولینڈ کے وزیر دفاع نے بھی نیٹو اتحادیوں سے مشرقی سرحد کے دفاع کو مزید مضبوط بنانے کیلئے تعاون کی توقع ظاہر کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments