یورپی یونین کا اجلاس: یوکرین کیلئے 49 ارب کے نئے قرض پر اتفاق نہ ہوسکا
برسلز: (دنیا نیوز) یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں آئندہ سات سالہ بجٹ اور یوکرین کی معاشی و عسکری ضروریات کے لیے 49 ارب ڈالر کے نئے قرض پر 12 گھنٹے طویل مذاکرات کے باوجود اتفاق رائے نہ ہو سکا۔
اجلاس میں جرمنی، نیدرلینڈز، آسٹریا اور سویڈن سمیت بجٹ میں بڑا حصہ ڈالنے والے ممالک نے اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری پر زور دیا جبکہ فرانس اور اٹلی کی قیادت میں دیگر رکن ممالک نے زراعت اور ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے معاہدے کے لئے رواں سال کے اختتام تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا آئندہ سال فرانس میں صدارتی انتخابات کے باعث 31 دسمبر کے بعد اس معاملے پر بات چیت ممکن نہیں ہوگی۔
اب رہنما 17 اور 18 دسمبر کو دوبارہ سر جوڑیں گے، یوکرین کی امداد کے معاملے پر بھی بلاک دو حصوں میں تقسیم نظر آیا۔
جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے تمام 27 رکن ممالک کی جانب سے یوکرین کی مشترکہ مالی معاونت پر زور دیا، تاہم ہنگری، چیک ریپبلک، بلغاریہ اور سلواکیہ نے یورپی بجٹ سے یوکرین کو عسکری امداد دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا یورپی شہریوں کی ضروریات کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
روسی صدارتی ترجمان دمتری پیسکوف نے یورپی یونین کے مجوزہ بجٹ میں یوکرین کے لئے رقوم مختص کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کیف امن عمل سے دور ہوگا اور جنگ جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments