ایران عراق کا سکیورٹی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کیلئے اتفاق، سرحدوں کے تحفظ کا عزم

تہران: (دنیا نیوز) عراقی قومی سلامتی کے مشیر قاسم العبودی نے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون، سرحدی تحفظ اور اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران محسن رضائی نے ایران اور عراق کے اقتصادی تعاون میں غیر ملکی مداخلت روکنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آزاد، مضبوط اور ترقی یافتہ عراق خطے کے نئے سکیورٹی نظام کا اہم ستون بن سکتا ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے سکیورٹی معاہدے پر مکمل عملدرآمد اور مشترکہ سرحدوں پر امن و استحکام یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

عراقی مشیر قاسم العبودی نے ایران عراق سکیورٹی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عراق اپنی سرزمین یا فضائی حدود ایران سمیت کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔

ملاقات میں سرحدی خلاف ورزیوں کی روک تھام، دہشت گردی اور اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات اور دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں عہدیداروں نے مشترکہ سرحدوں کے تحفظ اور علاقائی امن و استحکام کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...