اہم اسلامی ملک کے ایئرپورٹ سے 9 ماہ میں 5 کروڑ سے زائد مسافروں کی آمدورفت ریکارڈ

دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے رواں سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران 5 کروڑ 4 لاکھ مسافروں نے سفر کیا۔

متحدہ عرب امارات میں ہوا بازی کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، جدید طیاروں اور بین الاقوامی فضائی رابطوں کی توسیع کے اقدامات جاری ہیں، جس کے نتیجے میں ملک کی عالمی تجارتی اور سیاحتی اہمیت مزید مستحکم ہو رہی ہے۔

امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک کروڑ 88 لاکھ مسافروں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی، جبکہ اگست کے دوران 66 لاکھ مسافروں نے ایئرپورٹ استعمال کیا۔

المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اس وقت 57 ایئرلائنز کے ذریعے دنیا کے 101 ممالک میں واقع 235 مقامات سے منسلک ہے، سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران ایئرپورٹ پر 2 لاکھ 43 ہزار پروازوں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی، جبکہ اسی عرصے میں 12 لاکھ 15 ہزار ٹن فضائی کارگو بھی منتقل کیا گیا۔

اعدادوشمار کے مطابق دبئی ایئرپورٹ نہ صرف مسافروں کی آمدورفت بلکہ عالمی فضائی تجارت اور لاجسٹکس کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کررہا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں ہوائی اڈوں کی استعداد بڑھانے، فضائی خدمات کو جدید بنانے اور بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک کو وسعت دینے کے اقدامات کو تجارت، سیاحت اور کارگو کے شعبوں کیلئے اہم قرار دیا جارہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...