امارات کے قومی دن پر محنت کشوں کیلئے 40 سے زائد مقامات پر خصوصی تقریبات کا اعلان
ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کی وزارت انسانی وسائل و اماراتائزیشن نے ملک کے 55ویں قومی دن کے موقع پر محنت کشوں کیلئے ملک بھر میں 40 سے زائد مقامات پر خصوصی تقریبات منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔
یہ تقریبات 2 اور 3 دسمبر کو ہوں گی، جن کا مقصد ملکی ترقی میں کارکنوں کی خدمات اور کردار کو سراہنا ہے، خصوصی پروگرام کے دوران کھیلوں کے مقابلے، تفریحی سرگرمیاں اور مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی، جبکہ کارکنوں میں تحائف بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
قرعہ اندازی کے ذریعے شرکاء کو قیمتی انعامات جیتنے کا موقع ملے گا، جبکہ ایک خوش نصیب محنت کش کو گاڑی بھی انعام میں دی جائے گی۔
المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق ان تقریبات کے انعقاد میں وزارت داخلہ، امیگریشن حکام، دبئی، ابوظہبی اور شارجہ پولیس سمیت متعدد سرکاری ادارے تعاون کررہے ہیں، اس کے علاوہ 30 سے زائد کمپنیاں اور کارکنوں کی رہائشی سہولیات کے منتظمین بھی پروگرام میں حصہ لیں گے۔
وزارت کے حکام کا کہنا ہے کہ محنت کش متحدہ عرب امارات کی پائیدار ترقی کا اہم ستون ہیں اور ملکی تعمیر و ترقی میں ان کی خدمات قابل قدر ہیں، قومی دن کی تقریبات میں کارکنوں کی شمولیت سے سماجی ہم آہنگی، فلاح و بہبود اور مختلف قومیتوں کے درمیان باہمی روابط کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments