گورنر پنجاب سے ترکش قونصل جنرل کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سلیم حیدر خان سے ترکیہ کے قونصل جنرل درمش بستوگ نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں تجارت ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ پاکستان کا دیرینہ برادرانہ تعلق ہے، دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل فورمز پر پاکستان کے موقف بالخصوص مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کی غیرمتزلزل حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ترکیہ کے قونصل جنرل درمش بستوگ نے کہا پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔

ادھر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ضلع اٹک کی فتح جنگ سمیت مختلف تحصیلوں میں یونیورسٹیز کے سب کیمپسز قائم کرنے کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وی سی پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، وی سی ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی ڈاکٹر ایم نعیم، ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ ایگریکلچر وقاص رشید، وی سی یو ای ٹی ٹیکسلا پروفیسر ڈاکٹر قیصر الزماں بھی شریک ہوئے۔

گورنر پنجاب نے جامعات کے سب کیمپسز کو جلد قائم کر کے کلاسیں شروع کرنے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں