وزیر اعلیٰ بلوچستان کا بےنظیر سکالرشپ پروگرام کا اعلان
تربت: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سر فرا زاحمد بگٹی بےنظیر سکالرشپ پروگرام کا اعلان کردیا۔
تربت میں گرینڈ قبائلی جرگے کا انعقاد کیا گیا، جرگہ میں گورنر بلوچستان، وزیر اعلیٰ بلوچستان، کمانڈر بلوچستان کور، آئی جی ایف سی بلوچستان ساوتھ سمیت وزراء، سینیٹرز، علاقائی عمائدین، اعلیٰ سول و عسکری حکام، خواتین اور مقامی لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔
جرگہ کے شرکاء نے یادگارِشہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی، جرگے کے شرکاء نے قبائلی عمائدین، کاروباری حضرات، خواتین اور طلبہ سمیت مختلف طبقات کے نمائندوں نے ملاقات کی اورمسائل سنے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بےنظیر سکالرشپ پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے بیرون ممالک پی ایچ ڈی کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں ہر ضلع کے پہلے دس طلباء کی سولہ سالہ تعلیم کے اخراجات صوبائی حکومت اٹھائے گی۔
میر سر فرا ز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی، نہتے مزدوروں کو بلوچستان میں شہید کرنا افسوسناک ہے، ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعلی بلوچستان نے قبائلی عمائدین اور عوام کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا ، مقامی عمائدین نے حکومت بلوچستان اور افواج پاکستان کی جانب سے علاقے کی ترقی اور امن و امان کے قیام کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔