عمران خان کو تسلیم کیے بغیر سیاسی استحکام نہیں آسکتا: فواد چودھری
لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی اہمیت تسلیم کیے بغیر ملک میں سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیاسی حالات میں پختگی نہیں ہے، پاکستان کے مسائل کا حل ٹرمپ نے نہیں پاکستان کے لوگوں نے نکالنا ہے، کبھی سپریم کورٹ اورکبھی امریکہ سے امیدیں لگانا درست نہیں، تحریک انصاف سے انصاف اور انقلاب مینج نہیں ہو رہا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ پرابلم ہے ان سے بانی پی ٹی آئی مینج نہیں ہو رہا، سیاسی استحکام کیلئے حکومت کو بانی پی ٹی آئی سے براہ راست بات کرنی چاہیے، لوگوں کو جوڑنے کیلئے بانی پی ٹی آئی کی فیملی کو ذمہ داری لینا ہو گی۔
سموگ کے حوالے سے بات کرتےہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سموگ قدرت کا انتقام ہے، ہزاروں ایکڑ رقبے پر درخت کاٹیں گے تو پھر ایسے ہی ہو گا، لاہور میں کنکریٹ کا جنگل بناتے وقت سب نے بعد کی صورت حال سے آگاہ کیا تھا۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ عمران خان سے پہلے کسی نے بھی انوائرمنٹ کا نام نہیں لیا، پی ٹی آئی کی حکومت نے ماحولیات کے منصوبے پر کام کیا، ایسا ہی چلتا رہا تو پاکستان کے تمام شہر رہنے کے قابل بھی نہیں رہیں گے۔