ہم امریکی اقدار کیلئے لڑیں گے اور کامیاب ہوں گے : کملا ہیرس

شکاگو: (ویب ڈیسک ) امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس نے ووٹرز پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکی اقدار اور کامیابی کے لیے لڑیں۔

شکاگو میں ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن کے افتتاح کے موقع پر امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس نے اپنی شرکت سے حاضرین کو حیران کر دیا۔ کنونشن میں ڈیموکریٹک پارٹی سرکاری طور پر انھیں نومبر میں مقررہ صدارتی انتخابات کے لیے پارٹی امیدوار نامزد کرے گی۔

اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں کملا نے کہا کہ ہم صدر جو بائیڈن کے ہمیشہ کے لیے ممنون ہیں ... جو ، آپ کی تاریخی قیادت کے لیے شکریہ۔

ادھر سابقہ صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہیلری کلنٹن نے ریپبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹرمپ وہ پہلی شخصیت ہیں جو 34 مجرمانہ الزامات میں قصور وار ٹھہرائے جانے کے بعد صدارتی انتخابات میں نامزد ہوئے ہیں۔

ہیلری کے مطابق کملا ہیرس امریکی اقدار اور ملک میں جمہوریت کا دفاع کریں گی۔

کنونشن میں موجودہ صدر جو بائیڈن کی اہلیہ جل بائیڈن نے بھی خطاب کیا، انھوں نے بائیڈن کی تعریف کرتے ہوئے زور دیا کہ ملک کا مستقبل کملا ہیرس اور ٹیم والز کی حمایت اور آئندہ انتخابات میں ان دونوں کی جیت پر منحصر ہے۔

 یاد رہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی نے رواں سال اپنا چار روزہ قومی کنونشن  یکجہتی  کے عنوان سے منعقد کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں