امریکی جنگی بحری جہازوں کو خبردار کرنے کیلئے میزائل اور ڈرون فائر کئے: ایرانی بحریہ

تہران: (دنیا نیوز) پراجیکٹ فریڈم کے امریکی اعلان کے بعد آبنائے ہرمز میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

ایرانی بحریہ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کے قریب آنے والے امریکی جنگی بحری جہازوں کو خبردار کرنے کیلئے میزائل اور ڈرون فائر کئے، ایرانی نیوی کے بیان میں کہا گیا ہے جنگی جہاز آبی گزرگاہ پر ایران کے کنٹرول کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ایرانی بحریہ کا کہنا ہے کہ امریکی ڈسٹرائرز نے ریڈار بند کرکے آبنائے ہرمز کے قریب آنے کی کوشش کی، ریڈار دوبارہ آن ہونے پر امریکی جہازوں کا فوری سراغ لگایا گیا، امریکی نیوی کو ریڈیو کے ذریعے متعدد بار وارننگ دی، وارننگ نظر انداز کرنے پر فوج کو کروز میزائل، ڈرونز اور راکٹ امریکی جنگی جہازوں کے قریب فائر کرنا پڑے۔

ایرانی بحریہ کا کہنا تھا کہ اس نے جہازوں کو خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز کے قریب آنے کی کوئی بھی کوشش جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوگی، ایسی کارروائیوں کے خطرناک نتائج دشمن پر عائد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاسداران انقلاب نے ایرانی نیوی کے زیر کنٹرول آبنائے ہرمز کا نقشہ شیئر کر دیا، امریکا نے جہازوں پر میزائل لگنے کی تردید کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں