ملک بھر میں فلسطین کیلئے احتجاجی ریلیاں،ہڑتال ،بازار بند

کراچی، لاہور(آئی این پی)ملک بھر کے مختلف شہروں میں فلسطین کے حق میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، جس میں بچے ، بوڑھے ، مرد وخواتین نے بھرپور شرکت کی۔
کراچی میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کے لئے تاجر برادری نے احتجاجی ہڑتال کی، شہر کے تمام بڑے بازار مکمل بند رہے ، تاجروں نے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کردیا۔ لاہور میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہورکے زیر اہتمام اسرائیلی کی عہد شکنی اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر بربریت کیخلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور فلسطینی پرچم تھام رکھے تھے ۔ مقررین نے کہا کہ اسرائیل کی عہد شکنی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ یہ جارح ریاست امن کی کسی بھی کوشش کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہے ،اگر عالم اسلام نے اب بھی فلسطینیوں کے حق میں عملی اقدامات نہ کئے تو مشرق وسطیٰ میں امن کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے علمبردار نام نہاد عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔پشاور میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں احتجاجی مظاہرہ فلسطین کے حق میں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ فوارہ چوک صدر سے پشاور پریس کلب تک احتجاجی ریلی پشاور پریس کلب پہنچی، مظاہرین نے فلسطینی عوام کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے ۔ ملتان میں پریس کلب کے سامنے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا۔ ننکانہ صاحب میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب نے فلسطینی شہری آبادیوں پر اسرائیلی حملوں اور بے گناہ شہریوں کی شہادت پر مکمل ہڑتال کی اور عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا ۔