کاٹن مارکیٹ :مندی کا تسلسل برقرار، روئی کے بھاؤ میں کمی

کراچی (این این آئی)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کے بھاؤ میں مندی کا رجحان برقرار رہا، جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی محدود رہیں۔
عالمی سطح پر نیویارک کاٹن کے وعدے کے بھاؤ میں اتار چڑھاؤ کے بعد کچھ بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ ٹیکسٹائل ملز درآمدی روئی میں دلچسپی لے رہی ہیں، جبکہ کاٹن یارن اور کپڑا بھی درآمد ہو رہا ہے ۔ اس کی بنیادی وجوہات میں بہتر کوالٹی، کم قیمت اور ایکسپورٹ فنانسنگ اسکیم (EFS) کی سہولت شامل ہیں، جبکہ مقامی کاٹن پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہونے کے باعث ملز کا رجحان درآمدی روئی کی جانب بڑھ رہا ہے ۔اگلی فصل 2025-26 کے لیے اگیتی کپاس کی بوائی پر زور دیا جا رہا ہے ۔ صوبہ سندھ کے کچھ علاقوں میں بوائی جاری ہے ، جبکہ پنجاب میں بھی اگیتی کپاس کی کاشت ہو رہی ہے ، جہاں 10 لاکھ ایکڑ پر پیداوار کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ،تاہم، ڈیمز میں پانی کی غیر معمولی کمی کے باعث بیشتر کاٹن زونز میں کپاس کی کاشت ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ سندھ میں روئی فی من 16,000 تا 17,000 روپے ، پنجاب میں فی من 16,500 تا 17,200 روپے جب کہ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن میں اسپاٹ ریٹ 200 روپے کمی کے بعد 16,000 روپے فی من پر بند ہوئے ۔