امریکی ٹیرف کامقابلہ کرنے کیلئے کمیٹی کے قیام کی تجویز

کراچی(بزنس رپورٹر )سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر احمد عظیم علوی نے حکومت کو تجویز دی ہے۔۔
کہ امریکا کی جانب سے پاکستانی مصنوعات پر29 فیصد ٹیرف کے نفاذ کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا مؤثر طور پر مقابلہ کرنے کے لیے ملک گیر سطح پر ایک اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ یہ کمیٹی نہ صرف برآمدات کے فروغ کے لیے حکمت عملی مرتب کرے گی بلکہ درآمدی ضروریات اور امریکی مارکیٹ کی نئی شرائط کے مطابق صنعتوں کو رہنمائی بھی فراہم کرے ۔ احمد عظیم علوی نے اس بات پر زوردیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے وعدوں کی تکمیل کے لیے سرگرم ہیں اور تاجر برادری کو موجودہ حکومت پر مکمل اعتماد ہے ۔ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری نے کمیٹی میں کراچی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد سمیت دیگر صنعتی شہروں سے تعلق رکھنے والے لارج اسکیل مینوفیکچرز اور ایس ایم ایز کے ماہر نمائندوں کو شامل کرنے کی اپیل کی ہے ، ان کے مطابق اگر حکومت نے صنعتکاروں کو سنجیدگی سے شامل کیا تو پاکستانی برآمد کنندگان نہ صرف امریکی مارکیٹ میں اپنا حصہ برقرار رکھ سکتے ہیں بلکہ بڑھا بھی سکتے ہیں۔