وزیر تعلیم پنجاب سے وی سی کمالیہ یونیورسٹی کی ملاقات

جکھڑ (سٹی رپورٹر )وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات سے یونیورسٹی آف کمالیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب کی ان کے دفتر میں ملاقات،یونیورسٹی کی موجودہ پیش رفت اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب نے یونیورسٹی آف کمالیہ کے قیام سے لے کر اب تک کی نمایاں کامیابیوں کا جامع جائزہ پیش کیا اور ادارے کی آئندہ ترقی کیلئے مرتب کردہ روڈ میپ سے آگاہ کیا۔ وائس چانسلر نے جامعہ کی تعمیراتی ترقی اور تحقیقی ڈھانچے میں جدت کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈلز کو فروغ دینے پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی پروگرامز کی جلد منظوری کے لیے ریگولیٹری اداروں سے قریبی تعاون کی اہمیت پر بھی بات کی گئی ۔وزیر تعلیم پنجاب نے جامعہ کمالیہ کی نمایاں پیشرفت اور ڈاکٹر یاسر نواب کی فعال قیادت کو سراہا اور اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ حکومت پنجاب صوبے بھر میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔