سیالکوٹ چیمبر آ ف کامر س کے زیر اہتمام سستی فارمیسی کا افتتاح

سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے زیر انتظام قائم کردہ ایس سی سی آئی میڈ فارمیسی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔
چیئرمین ایس سی سی آئی میڈ فارمیسی بورڈ میاں محمد خلیل کے مطابق سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے اس ایس سی سی آئی میڈ فارمیسی کی افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں قائد بزنس کمیونٹی پاکستان ریاض الدین شیخ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ صدر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ اکرام الحق بطور پیٹرن انچیف شریک ہوئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اکرام الحق کا کہنا تھا کہ اﷲکے فضل سے ایس سی سی آئی میڈ فارمیسی کے قیام سے سیالکوٹ چیمبر نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے اور یہ فارمیسی سیالکوٹ کے لوگوں کی اپنی فارمیسی ہے جہاں سے ہر کوئی ہر قسم کی دوائی سستے داموں خرید سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس ایس سی سی آئی میڈ فارمیسی میں زکوٰ ۃ، صدقات یا خیرات کے پیسے شامل نہیں بلکہ اسے سیالکوٹ کی کاروباری برادری نے اپنی مدد آپ کے تحت سیالکوٹ کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بنایا ہے ۔