484 سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار: ٹریفک روانی شدید متاثر
لاہور(عمران اکبر)لاہور سمیت پنجاب بھر میں سات ہزار 918 کلو میٹر طویل 484 سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئیں، 9 ڈویژنل کمشنروں نے اپنے اضلاع میں موجود خراب سڑکوں کی نشاندہی کر دی۔
تفصیل کے مطابق مین شاہراہوں ،رابطہ سڑکوں پر حالیہ بارشوں سے بڑے بڑے کھڈے پڑ گئے ہیں جن سے ٹریفک روانی شدید متاثر ہونے لگی۔ دستاویزات کے مطابق ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں میں 129 مرکزی جبکہ 355 رابطہ سڑکیں شامل ہیں ۔سڑکوں کی بحالی کا ٹاسک تاحال التوا کا شکار ہے۔سڑکوں کی مرمت کے لئے 136 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔لاہور ڈویژن کی 45 سکیموں کو منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔ لاہور ڈویژن کو سڑکوں کی بحالی کے لئے 13 ارب 49 لاکھ روپے جاری کر دئیے گئے ،لاہور کی سڑکوں میں جیا بگا تا ہلوکی روڈ، پنجو جھیڈو روڈ، بارہ دری تا شیر شاہ سوری روڈ ،ہڈیارہ روہی نالہ روڈ،بی آر بی کینال تا واہگہ روڈ،سندر تا مانگا روڈ، صوئے آصل تا بیدیاں روڈ، سندر رائیونڈ روڈ بھی منصوبے میں شامل ہے ۔دستاویزات کے مطابق منصوبوں پر یکم ستمبر سے عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔