انڈسٹری ملک کا اثاثہ، قبرستان نہ بننے دیں: ایس ایم تنویر

لاہور: (دنیا نیوز) سربراہ یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ انڈسٹری ملک کا اثاثہ ہے اسے قبرستان نہ بننے دیں۔

ایف پی سی سی آئی کے ریجنل آفس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایم تنویر نے مہنگی بجلی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ آج فیصل آباد میں 100 انڈسٹری بند ہو گئی، لاکھوں لوگ بے روز گار ہو گئے ہیں، بجلی کے ریٹس اس کا اہم مسئلہ ہے، ہر روز ایک یونٹ بند ہو رہا ہے اس طرح ہماری انڈسٹری اور معشیت کس طرح چلے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ پوری فیڈریشن جمعہ کو فیصل آباد چیمبر جا رہی ہے وہاں جا کر ان کے عہدیداران سے مل کر لائحہ عمل طے کریں گے، سب سے پرانی انڈسڑی بھی بند ہو گئی ہے، انڈسٹری ملک کا اثاثہ ہے اسے قبرستان نہ بننے دیں، حکومت کو خدا کا واسطہ دیتے ہیں بجلی کے نرخ کم کریں۔

ایس ایم تنویر نے مزید کہا ہے کہ ہر آدمی پس گیا ہے، غریب آدمی برباد ہو گیا، ہر صوبے کو پنجاب کی طرح ریلیف دینا چاہیے۔

اس موقع پر دیگر عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ایس ایم تنویر نے جو باتیں کیں وہ سچ ہیں، انڈسٹری کا ایک ہی مسئلہ ہے اور وہ بجلی کی قیمتیں ہیں، ہمیں سمجھ نہیں آتی حکومت کو کس طرح سے بتائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے سارے کام چھوڑ کر ایک ہی کام پر فوکس کرے، بجلی اتنی مہنگی ہے انڈسٹری جب پراڈکٹ میں قیمت ایڈ کرتی ہے تو وہ قوت خرید سے باہر ہو جاتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں