پنجاب: گندم کے ذخائر کی دیکھ بھال و فنانسنگ قرض پر مارک اپ کی حتمی منظوری

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کابینہ نے گندم کے ذخائر کی دیکھ بھال اور فنانسنگ کیلئے لئے گئے قرض پر مارک اپ کی حتمی منظوری دے دی۔

پنجاب کابینہ نے 36 دن کے قرض پر مارک اپ ریٹ فائنل کرنے کی منظوری دی، جس کے تحت مارک اپ کی ادائیگی سہ ماہی بنیادوں پر کی جائے گی۔

کابینہ کے فیصلے کے مطابق نیشنل بینک آف پاکستان (اسلامک) سے حاصل کردہ قرض پر 10.65 فیصد مارک اپ کی منظوری دی گئی ہے، پہلے سے حاصل کئے گئے قرض کی مجموعی مالیت 146 ملین روپے ہے، جبکہ مارک اپ کی منظوری تین ماہ کیلئے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق گندم فنانسنگ کیلئے کمرشل بینکوں سے ایڈوانس قرض حاصل کیا گیا تھا، جس پر مارک اپ فائنل کرنے کا معاملہ کموڈٹی فنانسنگ کمیٹی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد کابینہ کو ارسال کیا، کموڈٹی فنانسنگ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق موجودہ سہ ماہی میں کیبور ریٹ 12.18 فیصد سے کم ہو کر 11.15 فیصد تک آ چکا ہے، جس کے پیش نظر مارک اپ ریٹ کو حتمی شکل دی گئی۔

محکمہ خزانہ نے انتظامی محکمہ کی تجویز سے اتفاق کیا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر یہ معاملہ کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا گیا، جہاں اسے منظوری دے دی گئی۔

حکام کے مطابق اس فیصلے سے گندم کے ذخائر کے مؤثر انتظام اور مالی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں