شہر قائد میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی، شہری بینک کے باہر لُٹ گیا
کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات، ڈاکو دو کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے، مزاحمت کرنے پر ڈکیتوں نے فائرنگ کر کے سکیورٹی گارڈ کو زخمی کر دیا۔
ڈکیتی کی واردات ریلوے تھانہ کی حدود میں سٹاک ایکسچینج کے عقب میں پیش آئی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز کو موصول ہو گئی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈکیتوں کو فائرنگ کر کے رقم چھین کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق واردات کے دوران ڈکیتوں کی فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی، سکیورٹی گارڈ نے بھی ڈاکوؤں کو پکڑنے کی کوشش کی، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ پیٹ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
شہری نجی بینک میں رقم جمع کرانے کے لیے پہنچا تھا کہ دو ڈکیت موٹر سائیکل پر آئے اور پارکنگ ایریا سے ہی رقم چھین کر فرار ہوگئے، واردات ریلوے تھانہ کی حدود میں رپورٹ ہوئی۔