سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب کے شہری علاقوں میں بارشوں سے سیلابی صورتحال کے متوقع خطرے سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 25 اگست تک مون سون کے متوقع شدید سپیل کی ڈیش بورڈ سے خود نگرانی کر رہا ہوں، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز، ریسکیو و ریلیف کے ادارے، دریائے چناب کے کیچمنٹ ایریا اور بارشوں سے سیلابی صورتحال کے خطرے سے دوچار شہروں میں عوام کی حفاظت کیلئے ہر دم تیار رہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں لوگوں کے انخلاء و ریسکیو، نکاسی آب، ادویات، خیمے و دیگر امدادی اشیاء کی ترسیل کیلئے مکمل تیاری یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں و سیلابی صورتحال سے متوقع طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں شہریوں کو صورتحال سے مکمل آگاہ رکھا جائے، نہروں، ندی نالوں اور دریا کے گرد متوقع سیلابی ریلوں کو روکنے کیلئے پیشگی حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ شہریوں کو ہر پل صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے این ڈی ایم اے کی ڈیزاسٹر الرٹ ایپلی کیشن کے بارے میں آگاہی پہنچے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں