ملکی سالمیت کونقصان پہنچانے والے تمام لوگ شکنجے میں آئینگے: عطا تارڑ

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے تمام لوگ شکنجے میں آئیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق فیض حمید کے بعد آج مزید تین افسران کو گرفتار کیا گیا ہے، فیض حمید اور بانی پی ٹی آئی آپس میں رابطے میں تھے۔

انہوں نے کہا کہ افسران کی گرفتاریوں کے بعد مزید شواہد سامنےآرہے ہیں، ان کے تمام اقدامات ملک میں عدم استحکام لانے کی کوشش تھی، انتشاری ٹولے کے ساتھ ملکر انہوں نے ملک کونق صان پہنچایا، لگتا ہے مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل سےبھی پیغام رسانی کی جارہی تھی،عمران خان کی منشاء سے ملک میں عدم استحکام پھیلایا جارہا تھا، جس نے بھی ملکی سالمیت کونقصان پہنچایا تمام لوگ شکنجےمیں آئیں گے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر تمام چیزیں کی جارہی تھیں، ایک جیل کے افسر کو بھی تحویل میں لیا گیا ہے، کسی کےساتھ کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے، ملک میں استحکام کے حوالے سے اچھی خبریں آرہی ہیں، انتشاری ٹولے کا احتساب بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ادارے نےاحتساب کا عمل شروع کیا جوکہ اچھی بات ہے، خود احتسابی کا عمل ہرادارے کو اپنانا چاہیے، وزیراعظم جلد قوم سے خطاب کریں گے، وزیراعظم قوم سے خطاب کےدوران پانچ سالہ معاشی پلان کا اعلان کریں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں