استاد کی کمی کے سبب اب کوئی اسکول بند نہیں رہے گا، وزیر تعلیم سندھ

حیدر آباد: (دنیا نیوز) وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں استاد کی کمی کے سبب اب کوئی بھی سکول بند نہیں رہے گا۔

حیدرآباد میں تعلیمی اصلاحات کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت، وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کی ہدایت پر اساتذہ کی کمی کی وجہ سے بند رہنے والے 2889 سکولز میں اساتذہ کی دستیابی یقینی بناتے ہوۓ انہیں کھول دیا گیا۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ سندھ میں استاد کی کمی کے سبب اب کوئی بھی سکول بند نہیں رہے گا، اساتذہ پلیسمینٹ کمیٹی کی تجاویز کے تحت بند اسکولز میں اساتذہ کی کمی کو پورا کر دیا ہے جبکہ پلیسمینٹ کمیٹی کے تحت وائبل اسکولز میں اساتذہ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 2587 اساتذہ کو بند سکولز میں تعینات کر دیا گیا، محکمہ تعلیم اساتذہ کی تعیناتی ان کے رہائشی تعلقہ میں کی گئی، محکمہ تعلیم پسماندہ تعلقہ کے بند 169 سکولز کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہونے کی وجہ سے التواء کا شکار ہے۔

سید سردار علی شاہ نے کہا کہ محکمہ تعلیم سندھ ڈپرائیو تعلقہ کے 169 سکولز کو عدالتی فیصلہ کے تحت کھولا جاۓ گا جبکہ میرٹ پر ہونے والی 60 ہزار سے زائد بھرتیوں کی مدد سے سکولز میں اساتذہ کی دستیابی کا عمل ممکن ہوا۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ سندھ پلیسمینٹ پلان پر عمل درآمد کے سلسلہ کو جاری رکھا جاۓ گا، کسی استاد کی ریٹائرمنٹ یا انتقال کی صورت میں فوری طور پر سکول میں استاد تعینات کر دیا جاۓ گا، استاد ایمانداری اور ذمہ داری ہے احساس کے ساتھ بچوں کو پڑھائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نہ پڑھانے والے اساتذہ کے خلاف ایفیشنسی اینڈ ڈسپلنری رولز کے تحت کارروائی ہو گی، کیونکہ صوبائی حکومت نے تعلیمی اصلاحات کے تحت قابل ذکر اقدامات اٹھاۓ ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں