اینکر پرسن و مصنف کامران شاہد کی فلم 'ہوئے تم اجنبی' کا میوزک لانچ کردیا گیا

کراچی: (دنیا نیوز) سینئر اینکر پرسن کامران شاہد کی لکھی ہوئی فلم 'ہوئے تم اجنبی' 1971ء کی جنگ کے پس منظر میں بنائی گئی ہے جس میں 11 گانے شامل ہیں۔

کراچی میں ہونے والی میوزک لانچ تقریب میں شوبز، سیاست اور صحافت کے شعبے سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں اینکر پرسن اور پریزیڈنٹ دنیا نیوز کامران خان نے کہا کہ یہ فلم کامران شاہد کی ایک بہت بڑی کاوش ہے، فلم کی جھلکیاں دیکھ کر سمجھ آیا یہ ایک بہت مشکل پراجیکٹ ہے، یہ فلم دنیا بھر میں جائے گی، یہ اس کہانی کا نیا رخ ہے، دل کی گہرائیوں سے تمام ٹیم کو اور شاہد صاحب مبارکباد دیتا ہوں۔

معروف فنکار سہیل احمد نے فلم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کامران شاہد گھر میں اور فیملی میں ایک مختلف آدمی ہیں، یہ تخلیقی کام کرتے ہیں، ان کی تربیت ہی محنت سے کام کرنے والی ہے، یہ ایک مشکل پراجیکٹ ہے جس پر کامران شاہد نے ریسرچ ورک بھی بھرپور کیا، انہوں نے بہترین ڈائیلاگز لکھے ہیں۔

اداکار محمود اسلم نے فلم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامران شاہد نے شیخ مجیب الرحمٰن پر بہت ریسرچ کی، اس سے فلم میں کردار نبھانے میں مدد ملی۔

فلم سٹار فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ آج کل سوشل میڈیا پر تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جاتا ہے، اس فلم کا بننا اس وقت میں بہت اہم ہے تاکہ نوجوان نسل کو تاریخ میں دی جانے والی قربانیوں کا پتہ چلے۔

فیصل واوڈا نے فلم میں ہیلی کاپٹرز اور بحری جہازوں پر فلمائے گئے سینز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیاستدان بھی بڑی ایکٹنگ کرتے ہیں، کامران شاہد نے بہت محنت کی ہے۔

سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ 1971ء پاکستان کی تاریخ کا اہم حصہ ہے، یہ فلم سب کو دیکھنی چاہیے اور اس پر بحث بھی ہونی چاہیے۔

صحافی مظہر عباس نے کہا کہ اس فلم میں جس انداز سے دکھایا گیا کہ اکثریت اقلیت سے کیوں الگ ہوئی، پرکشش ہے، میں دیکھنا چاہتا ہوں کہ فلم میں یحییٰ خان کا کردار کس نے نبھایا ہے۔

فلم کے مصنف اور سینئر اینکر پرسن کامران شاہد نے کہا کہ یہ فلم کوئی پراپیگنڈہ فلم نہیں، یہ کسی بھارتی فلم کا جواب نہیں نہ ہی یہ فلم کسی نفرت کا تسلسل ہے، اس فلم میں وہی ساز بجائے گئے ہیں جو اس زمانے میں تھے، 70 کی دہائی کے بعد کا کوئی انسٹرومنٹ نہیں بجایا گیا، یہ فلم عیدالفطر 2023ء کو ریلیز کی جائے گی، بنگال سے ہمارا جھگڑا نہیں تھا، غلط فہمیاں تھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...