نیپالی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کیلئے شیڈول سے پہلے پاکستان پہنچے گی

لاہور: (دنیا نیوز) نیپال کی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ 2023 میں شرکت کے لیے طے شدہ شیڈول سے پہلے پاکستان پہنچے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپال کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستان جلد آنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا، نیپال کرکٹ بورڈ نے ٹیم کو طے شدہ شیڈول سے پہلے پاکستان بھیجنے کی درخواست کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپال کرکٹ بورڈ نے پریکٹس کے زیادہ حصول کے لیے جلد آنے کی درخواست کی تو پی سی بی نے درخواست تسلیم کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے نیپال کرکٹ بورڈ کو نئے شیڈول کے بارے بتا دیا ہے، اب نیپال کرکٹ ٹیم 22 اگست کو کراچی پہنچے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپال کرکٹ ٹیم 22 سے 26 اگست تک کراچی میں پریکٹس میچز اور ٹریننگ کرے گی، نئے شیڈول کے مطابق اب نیپال کرکٹ ٹیم 27 اگست کو ملتان پہنچے گی، اس سے قبل نیپال کرکٹ ٹیم نے شیڈول کے مطابق 27 اگست کو پاکستان پہنچنا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان ایشیا کپ کا پہلا میچ 30 اگست کو ملتان میں کھیلا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں