جونیئر ہاکی ورلڈ کپ: قومی ٹیم میچ ڈرا کرکے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی
کوالالمپور: (دنیا نیوز) جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم نے میچ ڈرا کرکے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔
ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں کھیلے گئے میچ میں بیلجیئم کے پلیئر جیک نے پہلے کوارٹر کے تیسرے منٹ میں ہی پاکستان کے خلاف ملنے والے پینلٹی کارنر کے ذریعے گول کرکے بیلجیئم کو برتری دلا دی تھی۔
قومی ٹیم کو میچ کے 17ویں اور 27ویں منٹ میں پینلٹی کارنرز لگانے کا موقع ملا لیکن پاکستانی ڈریگ فلکر ارباز احمد گول کرنے میں ناکام رہے تاہم کھیل کے 42ویں منٹ میں ملنے والے پینلٹی کارنر پر ارباز احمد نے شاندار گول کرکے بیلجیئم کی برتری ختم کر دی۔
پاکستان کے گروپ سے ہالینڈ نے بھی کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا جبکہ بہتر گول اوسط پر پاکستان نے بھی کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے، پاکستان 12 دسمبر کو سپین کے خلاف کوارٹر فائنل میچ کھیلے گا۔