صدارتی انتخابی مہم: ڈاکٹر آصف کے گھر تقریب، امریکی نائب صدر شرکت کریں گی

نیویارک:(دنیا نیوز) پاکستانی امریکی ڈیموکریٹس کے زیر اہتمام پاکستانی نژاد ڈاکٹر آصف محمود کی رہائش گاہ پر 26 جون کو صدارتی انتخابات کے حوالے سے اہم تقریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

ایونٹ کی خاص بات یہ ہے کہ امریکی نائب صدر کملا ہیرس بھی اس اہم سیاسی تقریب میں شرکت کریں گی، جس کا اہتمام اعلیٰ پاکستانی امریکی ڈیموکریٹس نے کیا ہے جو مساویانہ، تارکین وطن کے حامی خیالات کی بدولت ترقی پسند اقدار کے حامی ہیں۔

سیاسی تقریب کا اہتمام معروف پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر آصف محمود کی کیلیفورنیا میں رہائش گاہ پر کیا جا رہا ہے، تقریب کی میزبانی تنویر احمد کریں گے جو امریکا میں بزنس ٹائیکون اور کاروباری شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

کملا ہیرس جو امریکا کی موجودہ نائب صدر ہیں اور اس سال بھی ہونے والے صدارتی معرکے میں دوبارہ منتخب ہونے کی خواہاں ہیں، ان کا استقبال ایک ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب امریکی صدارتی انتخابی مہم میں روزانہ کی بنیاد پر تیزی آ رہی ہے، صدارتی معرکے کی دوڑ میں تمام نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ ہیرس مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر کیا کہیں گے۔

خیال رہے اس تقریب کا اہتمام موجودہ امریکی صدر جوبائیڈن اور ان کے شدید ریپبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والے پہلے صدارتی مباحثے سے ایک دن پہلے کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کملا ہیرس کا غزہ میں جنگ بندی اور امداد کی ترسیل یقینی بنانے پر زور

پچھلے چار سالوں میں بطور نائب صدر کملا ہیرس نے اپنے واضح نقطہ نظر سے سیاسی حلقوں میں اپنی شخصیت کو برقرار رکھا ہے کیونکہ اس سے قبل 2020 میں کملا ہیرس نے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے دوران اپنے ڈیموکریٹ حریف اور موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن پر سخت تنقید کی تھی۔

یہاں یہ بھی واضح کرتے چلیں کہ ڈاکٹر آصف محمود جنہیں حال ہی میں بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) پر امریکی کمشنر مقرر کیا گیا، ڈاکٹر آصف محمود نے ہمیشہ کملا ہیرس کو بائیڈن پر ترجیح دی ہے۔

2020 میں بھی ڈاکٹر آصف محمود کو معلوم تھا کہ امریکا کے صدراتی انتخابات میں جو بائیڈن کو ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کے طور پر نامزد کیا جائے گا، اس کے باوجود ڈاکٹر آصف محمود نے کملا ہیرس کی بھرپورحمایت کی اور تب بھی اپنی رہائش گاہ پر انتخابی مہم کے حوالے سے نہ صرف تقریب منعقد کی بلکہ تقریب کی میزبانی بھی خود کی تھی۔

امریکی نائب صدر کملا ہیرس بھی اس بات کا اعتراف کرتی ہیں کہ جب میں نے سیاہ فاموں کی نمائندگی کرتے ہوئے امریکا کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا تو ڈاکٹر آصف محمود میرے پہلے سپورٹر تھے جنہوں نے میری بھرپور حمایت کا اعلان کیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں