صاحبزادہ حامد رضا کا چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے چیف الیکشن کمشنر سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔

سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حامد رضا کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے مینڈیٹ چرانے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہو سکا، سپریم کورٹ نے بھی الیکشن کمیشن پر اظہار عدم اعتماد کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج سپریم کورٹ نے حق دار کو حق ادا کر کے ادارے کا وقار بحال کر دیا ہے، عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو چاہیے کہ وہ فوری استعفیٰ دیں۔

انہوں نے کہا کہ آج عمران خان کی جیت ہے اور آج کا دن عمران خان کے نام ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دے دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں